عدن (جیوڈیسک) یمنی فوج نے کارروائی کے دوران القاعدہ کے 30 سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کا کہنا ہے۔
کہ یمنی فوج اور القاعدہ کے درمیان کارروائیوں میں اب تک درجنوں شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ فوج نے صوبہ شبوا کے علاقے میفا میں تازہ کارروائی کی جس میں القاعدہ کے تقریباً 37 شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، وزارت دفاع کے مطابق میفا کے علاقے میں گزشتہ 6 روز سے فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔
جب کہ جمعہ کے روز اسی علاقے میں کارروائی کے دوران القاعدہ کے 5 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ شورش زدہ علاقے میں فوج کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے جب کہ ایک ہفتہ کے دوران کارروائیوں میں القاعدہ کے 67 ارکان ہلاک جب کہ 20 سے زائد فوجی بھی مارے گئے ہیں۔