یمن (جیوڈیسک) یمن کی سرکاری فوج نے ابین گورنری اور اس کے متصل کئی دوسرے شہروں اور دیہات میں شدت پسند گروپ القاعدہ کے جنگجوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کو یمنی فوج اور مزاحمتی ملیشیا ابین کے علاقوں العین، احور، لودر اور مودیہ میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ تین روز قبل یمنی فوج نے مزاحمتی ملیشیا کی معاونت سے ابین کے علاقوں زنجبار اور جعار پر کنٹرول حاصل کرتے ہوئے القاعدہ کو وہاں سے نکال باہر کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یمنی فوج کی بھاری نفری ابین کے مختلف اطراف میں پھیل گئی ہے جہاں جنگجوؤں کا تعاقب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بچھائی بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل جاری ہے۔
یمنی فوج نے بدھ کے روز زنجبار کے مقام پر ایک خود کش حملہ بھی ناکام بنا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو خود کش بمباروں نے فوج کے ایک گروپ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی مگر فوجیوں نے دونوں خود کش بمباروں کو روکنے کے بعد ان کی خود کش جیکٹیں ان سے چھین لیں جس کے نتیجے میں فوج کو دہشت گردی کے حملے سے بچا لیا گیا۔