یمن (جیوڈیسک) یمن کی عوامی مزاحمتی ملیشیا اور سرکاری فوج نے مشترکہ آپریشن میں وسطی شہر تعز کے گرد مغربی محاذ سے باغیوں کا محاصرہ توڑ دیا ہے جس کے بعد باغی علاقے سے فرار ہو رہے ہیں۔
سرکاری فوج اور اس کی معاون ملیشیا نے تزویراتی اہمیت کے حامل جبل ھان کا کنٹرول سنھبال لیا ہے۔ اس کے علاوہ مغربی تعز سے الضباب کے علاقے کو ملانے والی شاہراہ بھی محفوظ کرلی گئی ہے۔
تعز کے شمالی محاذ بالخصوص شاہراہ الاربعین، عصیفرہ، الزنو کالونیوں اور دیگر مقامات پر باغیوں اور حکومتی فوج ک درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ اسی دوران اتحادی فوج کے طیاروں نے تعز کے شمال مغرب میں فضائی حملوں میں باغیوں کے تین ٹینک تباہ کردیے ہیں۔ شہر کے مشرقی محاذ پر السوفیتیل کے مقام پر بھی باغیوں کے ٹھکانے پر گولہ باری کی گئی ہے۔
دارالحکومت صنعاء کے قریبی شہر نھم میں بھی حکومتی فوج اور مزاحمتی ملیشیا نے متعدد مقامات پر پیش قدمی کرتےہوئے حوثی باغیوں کو فرار پرمجبور کیا ہے۔ نھم کے علاقے المدفون سے باغی المجاوجہ کی طرف بھاگ رہے ہیں۔
المدفون ڈاریکٹوریٹ کے دفاعی اعتبار سے اہمیت کے حامل علاقے البیاض کو باغیوں سے آزاد کرالیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حالیہ ایام میں حکومتی فورسز نے جبل الکحل اور جبل القتب سے بھی باغیوں کو نکال باہر کیا ہے۔