یمنی جنگ: نصف سے زائد آبادی کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا

Yemen Child

Yemen Child

جنیوا (جیوڈیسک) سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا سے ہفتہ آٹھ دسمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق یمن میں، جو پہلے ہی عرب دنیا کا غریب ترین اور پسماندہ ترین ملک تھا، طویل عرصے سے جاری جنگ پہلے ہی ہزارہا انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن چکی ہے جبکہ کئی لاکھ شہری بے گھر بھی ہو چکے ہیں۔

حوثی اور صنعاء حکومت کے مابین تنازعہ اگرچہ پرانا ہے تاہم سن دو ہزار چار میں حوثی سیاسی اور جنگجو رہنما حسین بدرالدین الحوثی کے حامیوں اور حکومتی فورسز کے مابین مسلح تنازعات کے باعث ملک کے شمالی علاقوں میں سینکڑوں افراد مارے گئے تھے۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں اس تنازعے میں شدت پیدا ہو گئی تھی۔ حوثی رہنما سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے تھے۔

یہی نہیں بلکہ اس جنگ اور جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی ملکی معیشت کی شدید حد تک بحرانی صورت حال کے باعث قریب 16 ملین یمنی باشندوں کو اشیائے خوراک کی دستیابی کے حوالے سے انتہائی نوعیت کے عدم تحفظ کا سامنا بھی ہے۔ یہ تعداد یمن کی مجموعی آبادی کا 53 فیصد بنتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ امر اپنی جگہ بہت تشویشناک ہے کہ اگر ان ایک کروڑ ساٹھ لاکھ یمنی شہریوں کے لیے خوراک کی دستیابی کو یقینی نہ بنایا گیا، تو اس جنگ زدہ ملک کے وسیع تر علاقوں میں شدید نوعیت کے قحط سے بچنا تقریباﹰ ناممکن ہو جائے گا۔

روئٹرز کے مطابق ایک مفصل جائزے کے نتائج پر مشتمل یہ رپورٹ آج ہفتے کے روز ایک ایسے وقت پر جاری کی گئی، جب اقوام متحدہ کی کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ دو برسوں میں پہلی بار یمنی جنگ کے متحارب فریق مذاکرات کی میز پر جمع ہو چکے ہیں۔ ان مذاکرات کی اہم بات یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کاموں میں مصروف بہت سے ادارے اور تنظیمیں یہ کہہ چکے ہیں کہ یمن کی صورت حال عرصہ ہوا دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران بن چکی ہے، جس کے خاتمے کا واحد راستہ جنگی فریقین کے مابین مذاکرات اور مکالمت کے نتیجے میں قیام امن ہی ہو سکتا ہے۔

یہ جائزہ خود یمنی حکام نے بین الاقوامی ماہرین اور انٹرنیشنل آئی پی سی سسٹم کی مدد سے مکمل کیا۔ اس جائزے کے نتائج کے مطابق یمن میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد شہریوں کو خوراک کی دستیابی کے حوالے سے جس شدید عدم تحفظ کا سامنا ہے، اس کی وجہ صرف جنگ ہی نہیں بلکہ وہ مہنگائی بھی ہے، جس کا سبب جنگ اور ملک کی تباہ شدہ معیشت بنے ہیں۔

جنگی تباہ کاریوں اور اقتصادی بد حالی کے علاوہ یمن کی آبادی کے ایک بہت بڑے حصے کو مالی وسائل کی عدم دستیابی اور بے روزگاری کی بہت اونچی شرح کا سامنا بھی ہے۔ ان عوامل کے باعث عام شہریوں کے لیے یہ ممکن ہی نہیں رہا کہ وہ اپنے لیے وہ کمیاب اشیائے خوراک خرید سکیں، جن کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہی ہوتی ہیں۔

سروے کے نتائج کے مطابق اس وقت قریب 16 ملین یمنی شہریوں کو خوراک کی دستیابی کے حوالے سے جن حالات کا سامنا ہے، انہیں ’بحران‘ سے لے کر ’ایمرجنسی‘ اور ’تباہ کن صورت حال‘ جیسے تین مختلف خانوں میں رکھا گیا ہے۔ لیکن اگر فوری تدارک نہ کیا گیا، تو ان متاثرہ شہریوں کی تعداد بڑھ کر 20 ملین سے بھی تجاوز کر جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یمن کے دو کروڑ سے زائد یا 67 فیصد باشندوں کو ’بحرانی سے لے کر تباہ کن حد تک‘ بھوک کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔