جی ایس پی پلس سہولت /ٹیکسٹائل برآمدات میں 40 فیصداضافہ

GS P

GS P

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اصغرعلی نے کہاہے کہ اگلے سال جنوری میں شروع ہونے والی جی ایس پی پلس کی سہولت سے پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 40 فیصد سالانہ تک اضافہ ہو گا، جس سے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان صنعتی و اقتصادی سرگرمیاں فروغ پائیں گی اور پاکستان کو معاشی استحکام بھی حاصل ہو گا،

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی یورپی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی حکومت کا اہم اقدام ہے،انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے پاکستان عرصہ دراز سے ملکی مصنوعات کی یورپی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی کیلئے کوششیں کر رہا ہے اور یورپی یونین کی طرف سے جنوری 2014 سے جی ایس پی پلس کا آغاز بحران کی شکار ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی کیلئے فائدہ مند ہو گا،

انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی فری کی رعایت ملنے سے نہ صرف ملکی صنعتوں کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے ملک کی معاشی و اقتصادی حالت میں بہتری آئے گی اور عالمی منڈیوں میں دیگر حریف ممالک کی مصنوعات سے مسابقت ممکن ہو سکے گی۔