اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا باقاعدہ آغاز صبح 12 بجے کر دیا جائیگا اور 7 بجے سے پہلے جلسے کا اختتام کر دیا جائیگا، پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان جلسے سے نماز مغرب کے بعد خطاب کریں گے جبکہ وہ رات آزادی کنٹنرز میں ہی رہیں گے۔
واضح رہے کل تحریک انصاف اسلام آباد میں دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ایک بار پھر بھرپور انداز سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے جا رہی ہے۔
اسلام آباد کی پریڈ لین سے جناح ایونیو تک وسیع پنڈال کو سجایا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے اسٹیج سیکٹری فیصل جاوید کہتے ہیں پاکستان کے عوام کی ایک بڑی تعداد عمران خان پر ایک بار پھر بھرپور اعتماد کا اظہار کریگی۔
دوسری جانب ملک بھر سے خواتین کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کے لیے ایک روز قبل ہی اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔ خواتین کا دعوی ہے کہ تحریک انصاف کے گزشتہ تمام جلسوں کے مقابلے میں 30 نومبر کو خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہو گی۔
ایک طرف تحریک انصاف اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے تو دوسری جانب جلسہ گاہ کے اندر شرکاء کی بڑی تعداد کو سنبھالنا اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنا خود تحریک انصاف کے لیئے ایک بڑا چیلنج ہو گا۔