جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جماعت اسلامی کے زیراہتمام استقبال رمضان کے سلسلہ میں جلسہ عام کا انعقاد جامعہ معارف اسلامیہ جھنگ میں ہوا جہاں پر امیر جماعت اسلامی بہادر خان جھگڑ نے جماعت اسلامی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ جماعت اسلامی کے کسی لیڈر یا کارکن کا نام پانامہ لیکس میں نہیں۔۔
ٹی اوآرز کے نام پر سیاستدانوں کا مک مکا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے وزیرخزانہ اسحاق ڈا رکو کہا کہ ایک متوسط گھرانے کا بجٹ 15ہزار میں بنا کردکھا دیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ملکی مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں ، کرپٹ ملکی قیادت سے چھٹکارہ پانا ضروری ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران وہ مرغی ہیں جو دانا پاکستان میں چگتی ہے جبکہ انڈے پانامہ جا کر دیتی ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بہادر خان جھگڑ نے کہا کہ قومی ادارے خسارے میں جارہے ہیں جبکہ حکمرانوں کی کمپنیاں راتوں رات ترقی کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کرپشن فری ملک بنانے تک ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ نہیں ہو سکتے۔