بارباڈوس (جیوڈیسک) پاکستانی ٹیم کے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان نے اپنے پہلے دو ٹی ٹونٹی میچوں میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایک انوکھا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ 18 سالہ شاداب خان نے اپنے پہلے انٹرنیشنل میچ میں صرف 7 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے مین آف دی میچ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس کے بعد گزشتہ روز اپنے دوسرے ہی میچ میں انہوں نے اپنی کارکردگی وک دہرایا اور محض 14 رنز کے عوض 4 شکار کر کے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
شاداب خان کو ایک بار پھر اس کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا جس کے ساتھ ہی وہ پہلے دو میچز میں مین آف دی میچ قرار پانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔
شاداب خان سے قبل سری لنکا کے سابق کپتان سنتھ جے سوریا اور سپنر اجنتھا مینڈس یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔