لاہور (جیوڈیسک) محکمہ صحت پنجاب سے مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے ایک ہفتے سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈاکٹرز کی سیٹیں دگنی اور اسپیشلائزیشنز کی شرائط بھی واپس لے لیں، میرٹ لسٹ کا اختیار پرنسپل کے پاس بھی ہوگا۔
لاہور میں محکمہ صحت اور ینگ ڈاکٹرز کے مابین معاملات طے پاگئے،جس کے بعد ڈاکٹرز نے ہٹ دھرمی چھوڑ دی، اب کل سے تمام سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں مریضوں کو مکمل علاج مل سکے گا۔
ینگ ڈاکٹرز کے ترجمان کے مطابق انہیں ڈاکٹروں کی سیٹوں میں دو گنا اضافے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، محکمہ صحت نے اسپیشلائزیشنز کیلئے رکھی گئی شرائط بھی واپس لے لی ہیں۔
وائی ڈی اے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ میرٹ لسٹ کا اختیار پرنسپل کے پاس بھی ہو گا جبکہ پرائیویٹ اداروں میں تعلیم حاصل کرنے اور ہاؤس جاب کرنے والوں کوبھی اضافی نمبر دینے کا فیصلہ کر لیا۔
دوسری طرف محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کل سے تمام سرکاری اسپتالوں کے او پی ڈیز میں معمول کے مطابق مریضوں کے علاج معالجے کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔