لاہور (جیوڈیسک) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سرکاری ہسپتالوں کے آؤ ٹ ڈورز میں جاری ہڑتال مشروط طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات کے حق میں مقامی سطح پر کنونشنز اور سیمینارز کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور اگر وعدے او رمعاہدے پورے نہ ہوئے تو رمضان المبارک کے بعد شدید احتجاج شروع کر دینگے۔
یہ اعلان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر اجمل نے ڈاکٹر عامر بندیشہ، ڈاکٹر خرم،ڈاکٹر منظور، ڈاکٹر عثمان اور دیگر کے ہمراہ میو ہسپتال کے آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ینگ ڈاکٹرز کے عہدیداران نے کہا کہ سروس سٹرکچر کے معاہدے کے تحت پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتی ہونے والے وہ تمام ڈاکٹرز جو کسی نہ کسی ٹریننگ میں ہوں گے انہیں اسکی تکمیل کیلئے بغیر تنخواہ چھٹی دی جائے گی لیکن حکومت نو ماہ سے اس معاہدے پر عمل نہیں کررہی تھی۔
سروس کمیشن کے ذریعے 2800 ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے جن میں سے 700 ڈاکٹرز کسی نہ کسی ٹریننگ میں مصروف تھے اور ہمارے احتجاج کی وجہ سے حکومت نے ہمارے اس مطالبے کو تسلیم کر لیا ہے۔ ا سکے علاوہ 500 میں سے 221 سیٹیں دینے کا مطالبہ بھی پورا کر دیا گیا ہے ،سروس سٹرکچر کے حوالے سے کئے جانے والے وعدوں کی 50 فیصد تکمیل ابھی تک نہیں ہو سکی۔