کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز اداکار شان شاہد کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کا شہری ہونے اور پاکستانی فلموں میں کام کرنے پر فخر ہے ۔
شان کا سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کیلئے پیغام میں کہنا تھا کہ یہ پاکستانی فلموں کیلئے فخر کا وقت ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں انکا ایک حصہ ہوں، میرے لیے ہمیشہ یہی ضروری رہا ہے کہ میں دنیا کو یہ دکھا سکوں کہ پاکستان کے پاس بے انتہا صلاحیت موجود ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میری توجہ ہمیشہ اسی بات پر ہے کہ میں اپنے کیریئر کے بجائے پاکستان فلم انڈسٹری کو بہتر کروں ۔ شان نے اپنے مداحوں پر بھی زور دیا کہ وہ آنیوالی نسلوں کیلئے پاکستانی فلمی صنعت کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔ شان کا آخر میں یہ کہنا تھا کہ پاکستانی فلم سازوں کو چاہیے کہ وہ ایسی فلمیں بنائیں جن کی نظر سے دنیا پاکستان کو دیکھ سکے ، انہیں چاہیے کہ وہ اپنی سپر ہیرو فلمیں بھی بنائیں ۔ شان نے کہا کہ فنکاروں کو اپنے حقوق مانگنے کیلئے غیرسیاسی دھرنا دینا چاہیے ،اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب آواز بلند کریں۔