امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ کی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک 14 سالہ لڑکے نے اپنے والد کو قتل کرنے کے بعد قریبی اسکول میں دو بچوں اور ان کی استاد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اینڈرسن کاونٹی کے ٹاون ویل ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا۔ کاونٹی شیرف کے دفتر سے وابستہ کیپٹن گارلینڈ میجر کے مطابق ایک بچے کو ٹانگ اور دوسرے کو پاوں میں گولی لگی جب کہ ان کی استانی کے کندھے میں گولی ماری گئی تھی۔ دونوں بچوں کی عمریں چھ سال ہیں۔
اس واقعے کے محرکات کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد اسکول سے تمام بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا اور پولیس نے کسی اسکول اور قرب و جوار کے علاقوں میں بھی تلاشی کی کارروائی کی۔
اسکول کی سپریٹنڈنٹ جواین اویری نے کہا کہ “ہم تشدد کے اس واقعے پر بہت افسردہ ہیں۔” انھوں نے اس ہفتے کے لیے اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں بند رکھنے کا اعلان کیا۔
اس اسکول میں پری کنڈرگارٹن سے لے کر چھٹی جماعت تک تعلیم دی جاتی ہے اور گزشتہ سال اسکول کی رپورٹ کے مطابق یہاں تین سو طلبا پڑھتے تھے۔