لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ینگ نرسز ایسوسی ایشن کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری ہے، جب کہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے دھرنے کے اطراف میں معائنے اور چیکنگ کے بعد کلئیر قرار دے دیا ہے۔
لاہور میں پیر کے روز سے نرسوں نے سروس سٹرکچر کی فراہمی اور ہیلتھ رسک الائونس کے مطالبات کے ساتھ احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نرسوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سروس سٹرکچر سمیت مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
دوسری طرف بم ڈسپوزل سکواڈ کی مال روڈ پر نرسوں کے دھرنے کے مقام اور اطراف میں مکمل چیکنگ کی۔ معائنہ کے بعد دھرنے کے مقام کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔
نرسوں کے احتجاج کے باعث مال روڈ پر شہریوں کو مسلسل دقت کا سامنا ہے اور ٹریفک پولیس نے ڈائیورشن لگا کر مختلف سمتوں میں ٹریفک کے بہائو کو موڑ دیا ہے۔