نوجوان پلیئرز کی کارکردگی اہمیت کی حامل ہے، مصباح

Misbah ul Haq

Misbah ul Haq

کراچی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے تمام مقابلے اہم ہوں گے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی اہمیت کی حامل ہے، فاسٹ بولر محمد عرفان امیدوں کا مرکز ہیں، سعید اجمل کی جلد ٹیم میں واپسی کے لیے دعا گو ہوں، ذاتی فٹنس کا سبب سخت محنت ہے، انھوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کیا، مصباح الحق نے کہا کہ ہماری نگاہیں ورلڈ کپ پر ہیں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز اس اہم ایونٹ کے لیے ہماری تیاریوں کی جانب پہلا قدم ہوگی، ہر میچ ہمارے لیے اہم ہے۔

ملنے والی فتوحات سے کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند ہوں گے، انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی موسمی کنڈیشنز پاکستان کیلیے سودمند رہی ہیں، ہماری ٹیم کسی بھی کنڈیشنز میں ہر حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سخت جان ہے اور وہ پاکستان کے خلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی، ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے گیم پلان کے مطابق کھیلیں،ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے نوجوان کھلاڑیوں سے بہت توقعات ہیں اور امید ہے کہ وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنے انتخاب کو درست ثابت کریں گے۔

قومی کپتان نے کہا کہ طویل القامت فاسٹ بولر محمد عرفان کی پرفارمنس اہم ہوگی، انھوں نے سری لنکا کے خلاف اچھی کارکردگی پیش کی، اسی طرح آئندہ مقابلوں میں بھی ان سے بہتر توقعات ہیں، سعید اجمل کے حوالے سے سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ میری دعا ہے کہ وہ ورلڈ کپ سے قبل دوبارہ میدان میں آجائیں، اگر ایسا نہ ہوسکا تو ان کا مناسب متبادل تلاش کرکے کامیابی کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی، فٹنس ٹیسٹ میں نمایاں رہنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں نے اپنی ذاتی فٹنس پر بہت کام کیا ہے، اس کے لیے صحت اور خوراک کا خصوصی خیال رکھتا ہوں، یہ امر باعث مسرت ہے کہ اب نئے اور نوجوان کھلاڑی بھی اپنی فٹنس کو بہتر بنانے پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں۔