کراچی (جیوڈیسک) یونس خان کے رویے نے حنیف محمد کو بھی افسردہ کر دیا، سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹسمین نے کہا ہے کہ میرے فیورٹ کھلاڑی نے پاکستان کپ کے دوران اختیار کیے جانے والے رویے سے مجھے بہت مایوس کیا۔
اپنے پسندیدہ بیٹسمین کا یہ منفی انداز پسند نہیں آیا، یہ ایک جذباتی رویہ تھا، سابق ٹیسٹ کپتان کی جانب سے معذرت کے بعد اب یہ باب بند کر دینا چاہیے۔ حنیف محمد نے کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں بعض اوقات کھلاڑی جذباتی کیفیت میں آکر ایسی غلطیاں کر بیٹھتے ہیں جو دوسروں کے لیے بھی تکلیف کا سبب بنتی ہیں، دوران میچ امپائرز کے فیصلے پر اپنی رائے دے کر اس پر اڑجانا درست رویہ نہیں، خاص طور پر قیادت کی ذمہ داری نبھانے والے کو تو اس حوالے سے مزید تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں اسلام آباد کی ٹیم کے خلاف میچ میں کے پی کے کی کپتانی کرنے والے یونس خان اپنے جذبات پر قابو نہ پاسکے،امپائر کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے ٹورنامنٹ چھوڑ کر انھوں نے ایک نازک غلطی کی، یہ رویہ یقینی طور پر آئندہ آنے والے کھلاڑیوں کے سامنے ایک بُری مثال بن گیا، کسی سینئر کھلاڑی کی جانب سے ایسا رویہ روا رکھا جانا قطعی طور پر نامناسب گردانا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ یونس خان ایک اچھے کھلاڑی ہونے کے ساتھ انتہائی بہترین شخصیت کے مالک ہیں، وہ اپنے بڑوں کو عزت اور احترام دیتے ہیں، انھوں نے اپنے جذباتی فیصلہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کرکے اخلاقی ذمہ داری پوری کی، اب اس معاملے پر بحث ختم کردی جائے ، یونس خان اب بھی میرا پسندیدہ کھلاڑی ہے۔