کراچی (جیوڈیسک) قومی ٹیسٹ ٹیم کے لیجنڈ بیٹسمین یونس خان کہتے ہیں کہ وہ پی ایس ایل میں بحیثیت کھلاڑی نہیں کسی ذمہ داری کے ساتھ اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز لازمی ہونی چاہیئے، ہم سب چاہتے ہیں کہ پاک بھارت سیریز ہو، وہ خود بھی پاک بھارت سیریز کے بہت بڑے مداح ہیں کیونکہ اس سیریز سے نوجوان کھلاڑیوں کو شدید دباؤ میں کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔
قومی ٹیم میں کوچنگ کے حوالے سے یونس خان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا کوچ ایسا ہونا چاہیے جو ٹیم کو متحد کر سکے، وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، وہ پی ایس ایل میں بحیثیت کھلاڑی نہیں کسی ذمہ داری کے ساتھ اس کاحصہ بننا چاہتے ہیں۔
لیجنڈ کرکٹر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی بڑے باصلاحیت ہیں لیکن ان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں۔ ورلڈ ٹی 20 سے پہلے ٹیم میں مستقل مزاجی لانے کی ضرورت ہے۔