پالی کیلے (جیوڈیسک) پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز یونس خان نے چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ 5 سنچریاں بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
رنز مشین کا خطاب پانے والے پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان کے ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں اپنے کیریئر کی 30ویں سنچری بنائی اور یوں یونس خان نے چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں یونس خان چوتھی اننگز میں 5 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ انڈیا کے سنیل گواسکر اور سابق آسٹریلین قائد رکی پونٹنگ 4 سنچریوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ یونس خان چوتھی اننگز میں 57.40 کی اوسط سے رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے بڑے کھلاڑی بھی ہیں۔
جب کہ انہوں نے آسٹریلین ٹیسٹ کرکٹرڈان بریڈ مین کی 29 سنچریوں کا ریکارڈ توڑنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے اور انہیں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 91 رنز درکار ہیں۔
دوسری جانب پالی کیلے میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں یونس خان اور شان مسعود نے 217 رنز کی شراکت داری قائم کرکے کسی بھی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ شراکت کا ریکارڈ بھی توڑدیا جب کہ اس سے قبل جاوید میانداد اور مدثر نذر نے نیوزی لینڈ کے خلاف 212 رنز کی شراکت داری کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
واضح رہے یونس خان نے گزشتہ ٹیسٹ میں 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں وہ اب تک 30 سینچریاں بنا چکے ہیں۔