لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی ڈیل کی بات کو رد نہیں کیا جاسکتا، ڈیل نہ ہوتی توپرویز مشرف کے مواخذے کی تحریک واپس نہ لی جاتی۔ تحریک انصاف لاہور کی خواتین عہدیداروں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر ڈیل نہ ہوتی تو مشرف کو گارڈ آف آنر نہ دیا جاتا، اٹک جیل سے جدہ کا سفر بھی نہ ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کسی کے اشارے پر نہیں کیا جا رہا، حکومت اجازت دے یا نہ دے، جمہوری حق استعمال کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری، اب روکا توزیادہ بڑی غلطی ہوگی، فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، 14 اگست کو کبھی ملٹری پریڈ نہیں ہوئی۔