کوئٹہ (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بعض عناصر ہمارے نوجوانوں کے ذہن پر اثرانداز ہونے اور معاشرے میں انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان پنج پائی میں پاک افغان بارڈ پر آہنی باڑ کے کام کا افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے باڑ کے معاملے میں مکمل حمایت اور تعاون اور سکییورٹی صورتحال میں شرکت پر قبائلی رہنماؤں اور مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ باڑ لگنے سے سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حمل پر نظر رکھی جائے گی اور قانونی آمدو رفت مقرر کردہ کراسنگ پوائنٹس کے ذریعے رہے گی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس پروجیکٹ پر 2.28 بلین روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ 5 سال میں مکمل ہوگا جب کہ سیف سٹی پراجیکٹ سے کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کوئٹہ کی مختلف یونیورسٹیز کے نوجوانوں سے بھی ملے۔ اس موقع پر جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے بلوچستان کے عوام کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ آرمی چیف کوئٹہ کی مختلف یونیورسٹیز کے نوجوانوں سے بھی ملے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج بلوچستان میں تعلیم، صحت، بجلی اور پانی کی فراہمی کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے ہم نہیں چاہتے بلوچستان کسی مخصوص کوٹے یا پیکیج کا مرہون منت ہو، پاکستان نے دہشت گردی کو مسترد کردیا اور مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے عظیم قربانیاں دے کر امن حاصل کیا لیکن بعض عناصر اس مرحلے پر ہمارے نوجوانوں کے ذہن پر اثر انداز ہونے اور معاشرے میں انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔