کراچی (جیوڈیسک) نوجوانوں میں موٹر سائیکلوں کو جدید اسٹائل میں تبدیل کرنے اور اس کے پارٹس کو خوبصورت بنانے کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
موٹر سائیکل سواروں کی بڑی تعداد انجن، جمپ اور دیگر پارٹس کو چمکانے اور خوبصورت بنانے کے لیے ان پر کروم اور ملمع کاری کا کام کراتی ہے تاہم اس پیشے سے منسلک افراد کا کام لوڈشیڈنگ کی وجہ سے 60 فیصد تک متاثر ہوا ہے۔
اس پیشے سے وابستہ کاریگروں کی بڑی تعداد اس کام کو چھوڑ کر چنگ چی اور 6 سے 11 سیٹر سی این جی رکشہ چلا رہی ہے، ملمع کاری کے دوران تیزابی پانی کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی وجہ سے اس پیشے کے کاریگر جلدی اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں، موٹر سائیکل پر کروم اور ملمع کاری کرانے کے پیشے سے متعلق تفصیلی سروے کیا۔
اس پیشے سے منسلک زینت اسکوائر لیاقت آباد میں واقع کاریگر شیراز یوسف نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے مختلف پارٹس پر کروم اور ملمع کاری کرائی جاتی ہے، اس کام کا مقصد موٹر سائیکل کو خوبصورت بنانا اور پارٹس کو چمکانا ہے۔