اسلام آباد (جیوڈیسک) ساہیوال اور ملتان ڈویژن سے تعلق ارکان پارلیمنٹ نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ بینک بڑے صنعت کاروں کو بڑے قرض دیتے رہے ہیں اب حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے قرضے جاری کرے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ذمہ دار ہے۔
وہ قرضوں کا بہتر استعمال کرے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہوئی ہے۔
اگلے چار سال میں شرح نمو سات فیصد تک لے جائیں گے۔ وزیراعظم نے یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کے درجے کو حکومتی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے مذاکرات کا راستہ چنا۔ توقع ہے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
کراچی میں شر پسندوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ توانائی سے متعلق اہداف اگلے تین سے چار سال میں حاصل کر لئے جائینگے۔