ملتان (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی وزیراعظم یوتھ لون پروگرام میں بطور چیئرپرسن تعیناتی کے خلاف دی گئی درخواست کی سماعت 13 جنوری کو لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں ہو گی۔
یہ درخواست ملتان کے رہائشی راجا وحید یونس کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا مریم نواز کو وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کا چیئر پرسن مقرر کیا گیا ہے مگر یہ حیران کن ہے کہ اس عہدے پر تعیناتی کرتے ہوئے اسامی مشتہر نہیں کی گئی اور تقرری کا کوئی قانونی طریقہ بھی اختیار نہیں کیا گیا حالانکہ پبلک آفس کے عہدے پر تعیناتی کیلیے طریقہ کار وضع ہے جس میں تعینات ہونیوالے کی اہلیت بیان کی گئی ہے اگر یہ آسامی مشتہر کی جاتی تو تجربہ رکھنے والے افراد سامنے آ سکتے تھے۔
مریم نواز کو اس عہدے پر کام کرنے کا کوئی تجربہ نہیں جس کی وجہ سے اس پروگرام کے اصل مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکیں گے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ مریم نواز کو کام کرنے سے روکا جائے۔