بیجنگ (جیوڈیسک) چین میں یوتھ اولمپکس کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور ورلڈ ریکارڈ ہولڈر روتا میلو تائیت نے ایک اور طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ چین کے شہر ننجنگ میں اولمپکس کے سوئمنگ کے 50 میٹر فری سٹائل ایونٹ میں چین کے یو ہیکسن نے شاندار پرفارمنس دکھائی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
برازیل کے میتھیوز کی دوسری اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے ڈائیلان کارٹر کی تیسری پوزیشن رہی،مینز کے 200 میٹر بیک سٹروک فائنل ریس میں جاپان کے اپی واتا نیبی فاتح رہے۔ مینز ہی کے 50 میٹر بیک سٹروک ایونٹ میں روس کے ایوجینی نے عمدہ سوئمنگ سے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ویمنز کے 100 میٹر بیک سٹروک فائنل ایونٹ میں سترہ سالہ اولمپک میڈلسٹ لتھوانیا کی روتا میلو تائیت نے گولڈ میڈل کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
خواتین ہی کے 200 میٹر فری سٹائل ایونٹ میں چین کی شین ڈیو نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ روئنگ کی ویمنز سنگلز سکلز ریس میں بیلاروس کی کرسٹسینا فاتح رہیں جبکہ مینز ایونٹ میں جرمنی کے ٹم اولی نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ شوٹنگ کے مینز 10 میٹر رائفل ایونٹ کے فائنل میں چین کے یینگ ہائورن پہلی بار ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
ٹیبل ٹینس ایونٹ کا سنگلز برانز میڈل برازیل کے ہوگو کالڈیرانو نے جیتا، انہوں نے تے پائی کے یانگ ہینگ کو چار دو سے زیر کیا ،سنگلز فائنل میچ میں چین کے فین زین ڈونگ نے جاپانی حریف مورا ماتسو کو چار دو سے زیر کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔