لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے مرکزی صدر ایم اے تبسم نے کہا ہے کہ نوجوان طلبا و طالبات ملک کا مستقبل ہیں۔ ان کی تعلیم و تربیت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
اساتذہ کرام نوجوانوں میں اعلیٰ اقدار قائم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ وہ دی حمزہ سکول سسٹم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو دی حمزہ سکول سسٹم رائومحمدعظیم، اساتذہ، والدین اور طلبا و طالبات بھی موجود تھے۔ایم اے تبسم نے کہا کہ حکومت کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کوبھی معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پرکام کر نے کی ضرورت ہے، انہوں نے سکول کے طلبہ کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ طلبہ اسی جوش و جذبہ سے علم کے حصول کا سفر جاری رکھیں گے۔
ایم اے تبسم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل تحریک پاکستان کے ہیروز کو اپنا رول ماڈل بنائیں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں حصول علم میں صرف کریں تاکہ وہ ملک کا قیمتی سرمایہ ثابت ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک میڈیا کی مدد سے ثقافتی یلغار کر رہا ہے جس سے نوجوان نسل گمراہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود بھی اسلامی طرز عمل اپنائیں اور نوجوان نسل کو صراط مستقیم پر چلانے کے لئے کام کریں۔
انہوں نے سکول اساتذہ سے کہا کہ وہ بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان میں خود اعتمادی لانے کے لئے باقاعدگی سے ادبی پروگرام منعقد کروائیں۔ قبل ازیں سکول طلبا و طالبات نے تحریک پاکستان کے ہیروز اور علمی و ادبی سرگرمیوں کے حوالے سے ٹیبلوز پیش کئے۔