کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ شہر کراچی کے گلی کوچوں نے پاکستان کو بے شمات ٹیلنٹ دیئے اور آج بھی شہر میں ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے اور حکومتی سطح پر ان کی بہتر نگہداشت کی جائے تو ہمارے نوجوان ہر شعبے میں اپنے ٹیلنٹ کا جوہر دکھا کر دنیا میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنے کا سفر جاری رکھ کر پاکستان کا نام پوری دنیا میں بلند کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون آفس میں بلدیہ کورنگی کی جانب سے کراچی تا اسلام آباد قومی یکجہتی و امن واک کے کامیاب اختتام کے بعد کراچی واپسی پر گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان کے اعزاز میں منعقد تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان ،ڈائریکٹر فنانس بلدیہ کورنگی وکاش لال ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن شاہ فیصل زون محمد ارشد اور معروف سنگر امجد رانا بھی موجود تھے اس موقع پر بلدیہ کورنگی کی جانب سے اورنگیزب سلطان کو حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے تعریفی اسناد پیش کئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ شاہ فیصل کالونی کی خوش نصیبی ہے کہ اورنگزیب سلطان جیسا عالمی ریکارڈ ہولڈر سپوت یہاں موجود ہے انہوں نے کہاکہ حق پرست قیادت شہر کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے جہاں جدو جہد میں مصروف ہے وہیں قائد تحریک محترم الطاف حسین بھائی خصوصی ہدایت پر صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور قیام امن کے حوالے سے نوجوانوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مکمل تعاون اور سرپرستی جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ یہ بہت خوشی کے بات ہے کہ ہمارے ضلع کا نوجوان گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہے انہوں نے اورنگزیب سلطان کی تعلیم کے فروغ اور قیام امن کے حوالے سے کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون اور سرپرستی کا یقین دلا تے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی علاقائی ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے کھیل کے میدانوں کو بھی آباد کررہی ہے اور انشا اللہ ہم اپنے نوجوانوں کے تعاون سے ضلع کورنگی ترقی اور مسائل سے پاک صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے مثالی ضلع بنائیں گے۔