امریکا : یوٹیوب کے شریک بانی جاوید کریم نے ویڈیو پلیٹ فارم کی جانب سے ایپلیکیشن میں نئی تبدیلی کو احمقانہ قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں یوٹیوب کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ویڈیوز کے ڈس لائیک کاؤنٹ کو ختم کیا جا رہا ہے۔
اس تبدیلی کے بعد صارفین ویڈیو پسند نہ آنے پر ناپسندیدگی کے اظہار کے لیے ڈس لائیک کا بٹن تو دبا سکیں گے تاہم انہیں یہ معلوم نہیں ہو سکے گا کہ اب تک کتنے افراد نے ویڈیو کو پسند نہیں کیا، لیکن یوٹیوب اکاؤنٹ کا مالک پرائیوٹ آپشن میں اس بارے میں جان سکے گا۔
اس اعلان پر صارفین نے مختلف ردعمل کا اظہار کیا ہے اور یوٹیوب پر پہلی ویڈیو اپلوڈ کرنے والے اور اس معروف ایپ کے شریک بانی جاویدکریم نے اس فیصلے پر ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے اسے احمقانہ قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں جاوید کریم کا کہنا تھا کہ تمام ہی یوٹیوبرز کا اتفاق ہے کہ یہ ایک احمقانہ فیصلہ ہے۔
خیال رہے کہ جاوید کریم اور ان کے دیگر 2 دوستوں نے مل کر 2005 میں ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب بنائی تھی جسے 2006 میں گوگل نے ایک ارب 65 کروڑ ڈالرز میں خرید لیا تھا۔
یو ٹیوب پر پہلی ویڈیو اپلوڈ کرنے کا اعزاز بھی جاوید کریم کو حاصل ہے، ’ می ایٹ دی زو‘ نام کی یہ ویڈیو اب بھی یوٹیوب پر موجود ہے جسے کروڑوں بار دیکھا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ جاوید کریم بنگلا دیشی اور جرمن نژاد امریکی ہیں، ان کے والد کا تعلق بنگلادیش اور والدہ کا تعلق جرمنی سے ہے، جاوید کریم 1979 میں مشرقی جرمنی میں پیدا ہوئے تھے، بعد ازاں ان کا خاندان امریکا منتقل ہو گیا۔