دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ نے اپنے ٹائٹلز میں ایک اور اضافہ کر لیا۔ چھ بار کے اولمپک چیمپئن نے سوئزرلینڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ایک سو میٹر ریس جیت لی۔ سوئزرلینڈ کے شہر زیورخ میں ہونیوالی ڈائمنڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں دلچسپ مقابلے ہوئے۔ ایک سو میٹر ریس میں جمیکن سٹار ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے میدان مار لیا۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ نو اعشاریہ نو صفر سیکنڈز میں طے کر کے گولڈ میڈل جیتا۔
جمیکا ہی کے (Nickel Ashmeade) کی دوسری اور امریکہ کے جسٹین گاٹلین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ویمنز کی دو سو میٹر ریس کا ٹائٹل جمیکا ہی کی شیلی این فریزر نے اپنے نام کیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ ہی شیلی این فریزر ورلڈ کی ایک سو، دو سو اور فور بائی ہنڈرڈ ریس کے ٹائٹل جیتنے والی پہلی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں ہیں۔
مینز کی چار سو میٹر ریس میں امریکہ کے لاشون میریٹ فاتح رہے جبکہ ویمنز کی پانچ ہزار میٹر ریس میں ایتھوپیا کی (Meseret Defar) نے گولڈ میڈل جیتا۔ مینز ہائی جمپ مقابلے میں یوکرائن کے بوہدان فاتح رہے جبکہ ویمنز کی آٹھ سو میٹر ریس کا ٹائٹل کینیا کی (Eunice) نے جیتا۔