یوراج سنگھ کا سرطان سے مقابلے کیلئے امدادی نیلامی کا انعقاد

Yuvraj Singh

Yuvraj Singh

لندن (جیوڈیسک) لارڈز پر دو صد سالہ میچ میں شاندار سنچری کے بعد بھارتی بیٹسمین یوراج سنگھ نے انگلینڈ میں ایک امدادی نیلامی کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔

یوراج سنگھ کی فاؤنڈیشن ”یو وی کین“کے زیر اہتما م یہ میلہ چودہ جولائی کو سجایا جائے گا جو عام لوگوں میں سرطان کی بروقت تشخیص کیلئے کام کر رہی ہے اور ساتھ ہی اس بیماری کیخلاف جنگ کیلئے بھی بھرپور مدد فراہم کرتی ہے۔ یوراج کی اس فلاحی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونے والی نیلامی میں کئی اہم اور یادگار اشیاءموجود ہوں گی جن میں سچن ٹنڈولکر کی وہ ٹی شرٹ بھی شامل ہے جو انہوں نے اپنے 200 ویں ٹیسٹ میں زیب تن کی تھی۔

عالمی کپ دو ہزار گیارہ کے وننگ میڈل کے ساتھ ہی مداحوں کو نہ صرف یوراج سنگھ کے ساتھ ڈنر کرنے کا موقع مل سکے گا بلکہ کچھ خوش نصیب ان کے ساتھ خصوصی نیٹ پریکٹس سیشن بھی کر سکیں گے۔ اس نیلامی میں یوراج کے ساتھی کھلاڑی ویرات کوہلی ،سچن ٹنڈولکر، کیون پیٹرسن، راہول ڈریوڈ اور سوراو گنگولی بھی شرکت کریں گے۔

یوراج سنگھ کا کہنا ہے کہ کوئی لڑائی کتنی ہی سخت کیوں نہ ہو لیکن اگر آپ میں جذبہ اور ہمت ہے تو اسے جیتا جا سکتا ہے جیسے کہ میں نے بھی اپنے دوستوں، گھر والوں، مداحوں اور چاہنے والوں کی محبت کے سہارے سرطان جیسے موذی مرض کو شکست دی۔

یوراج سنگھ نے مزید کہا کہ وہ ”یو وی کین“ کے سہارے سرطان میں مبتلا لوگوں تک پہنچنا چاہتے ہیں جنہیں اس مرض کیخلاف جنگ میں مشکلات اور وسائل کی کمی کا سامنا ہے اور امید ہے کہ اس نیلامی سے انہیں اتنا سرمایہ مل جائے گا کہ وہ سرطان کے خلاف جدوجہد میں مزید تیزی لا کر اس کے خاتمے میں اپنا موثر کردار نبھا سکیں گے۔