بنگلور (جیوڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی نیلامی میں دہلی ڈیئر ڈیولز نے بھارتی آل رآئونڈر یوراج سنگھ کی خدمات 16 کروڑ روپے کے عوض حاصل کر لی ہیں۔ یوراج سنگھ لگاتار دوسرے سال سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔
2014ء میں رائل چیلنجرز بنگلور نے ان کے لئے 14 کروڑ روپے ادا کئے تھے۔ انڈین پریمیئر لیگ کے 2015ء سیزن کے لئے کھلاڑیوں کی نیلامی پیر کو بنگلور میں ہوئی ہے اور اس میں 344 کھلاڑیوں کی قسمت کا فیصلہ ہو رہا ہے۔
نیلامی کے پہلے مرحلے میں دہلی ڈیئر ڈیولز نے یوراج کے علاوہ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کو ساڑھے سات کروڑ اور امیت مشرا کو ساڑھے تین کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ برس ساڑھے 12 کروڑ میں دہلی کی ٹیم کا حصہ بننے والے دنیش کارتک کے لئے اس بار بنگلور کی رائل چیلنجرز ٹیم نے ساڑھے دس کروڑ روپے کی کامیاب بولی لگائی۔
انگلش بلے بازوں کیون پیٹرسن اور اوئن مورگن کی خدمات حیدر آباد سن رائزرز نے بالترتیب دو اور ڈیڑھ کروڑ روپے میں حاصل کیں۔ سن رائزرز نے ہی نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو 60 لاکھ روپے میں خریدا ہے۔ جارحانہ بلے بازی کے لئے مشہور آسٹریلیا کے اوپنر ایرون فنچ کے لئے ممبئی انڈینز نے تین کروڑ 20 لاکھ روپے کا کامیاب بولی لگائی ہے۔
نیلامی کے پہلے مرحلے میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے علاوہ تجربہ کار سری لنکن بلے باز مہیلا جے وردھنے اور کمارا سنگاکارا کی خدمات فروخت نہیں ہو پائی ہیں۔ اس سال آئی پی ایل ٹورنامنٹ 8 اپریل سے شروع ہو رہا ہے۔ نیلامی سے پہلے ہی فرینچائز ٹیموں نے گزشتہ برس کی ٹیموں میں پہلے سے موجود 122 کھلاڑیوں کو رواں برس کے لئے بھی برقرار رکھا تھا۔ ان 122 میں 78 بھارتی اور 44 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔