زہرہ شاہد قتل کیس میں گرفتار ملزمان 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Zahra Shahid

Zahra Shahid

کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس میں گرفتار 2 ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس نے زہرہ شاہد قتل کیس میں گرفتار ملزم راشد عرف ماسٹر اور زاہد عباس زیدی کو سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشتگردی عدالت میں ریمانڈ کے لئے پیش کیا جہاں پولیس نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ملزم راشد عرف ماسٹر کو 10 روز قبل گرفتار کیا گیا تھا جس کی نشاندہی پر گزشتہ روز ایک اور ملزم زاہد عباس زیدی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے لہذا زہرہ شاہد قتل کی تفتیش کے لئے ملزمان کو 14 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے تاہم عدالت نے دونوں ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی مقتول رہنما زہرہ شاہد کو گزشتہ سال ڈیفنس میں ان کی رہائشگاہ کے باہر قتل کیا گیا تھا جن کے قتل کے الزام میں 10 روز قبل ملزم راشد کو گرفتار کیا گیا جس کی نشاندہی پر ایک اور ملزم زاہد عباس زیدی کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔