کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کی مقتول رہنما زہرہ شاہد قتل کیس میں پولیس کو حتمی چالان جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔
کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کی مقتول رہنما زہرہ شاہد قتل کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے ملزم راشد عرف ٹیلر اور زاہد عباس زیدی کو پیش کیا تاہم پولیس کی جانب سے مقدمے کا حتمی چالان پیش نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے پولیس کو حتمی چالان پیش کرنے کی آخری مہلت دیتے ہوئے مقدمے کے دیگر مفرور ملزمان جنید، طارق نواز اور آصف گنجا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 27 نومبر تک کے لئے ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ 18 مئی 2011 کو تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کو ڈیفنس میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔