لندن (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی کارکن زہرہ شاہد کے قتل کی ذمہ دار برطانوی حکومت ہے۔ دوسری طرف ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیان افسوسناک ہے۔ لندن میں افطار ڈنر کے بعد ذائع سے گفتگو کرتے ہوئے عمران کان کا کہنا تھا کہ وہ زہرہ شاہد کے قاتلوں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، برطانوی حکومت اپنے شہریوں کو پاکستان میں تشدد سے روکے۔
عمران کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے بھی برطانوی سفیر کو آگاہ کیا تھا کہ برطانوی شہری کراچی میں تشدد کے واقعات کو ہوا دے رہے ہیں۔ برطانیہ نیاپنی سرزمین سے ہونے والی اشتعال انگیز تقاریر کو روکنے کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ مئی دوہزار سات میں بھی انہوں نے قتل عام میں ایک سیاسی جماعت کے ملوث ہونے کے ثبوت سکاٹ لینڈ یارڈ کو دیئے تھے مگر سکاٹ لینڈ یارڈ نے تحقیقات کے لئے ان سے رابطہ نہیں کیا۔
دوسری طرف ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی کا کہنا ہے کہ عوام میں گرتی ہوئی ساکھ اور مقبولیت کو بچانے کے لئے عمران خان، ایم کیو ایم پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ تحریک انصاف نے ڈرون حملوں سے متعلق بھی اپنے وعدے پورے نہیں کئے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا میں طالبان اور دیگر شدت پسندوں کو پی ٹی آئی کی سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔ حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف زہرہ شاہد کی شہادت پرمگر مچھ کے آنسو بہانے کے بجائے اپنے دونوں ارکان صوبائی اسمبلی کے قاتلوں کی نام لے کر مذمت ہی کر دے۔