اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی عرب میں سزاکاٹنے والے تجزیہ کار زیدحامدرہائی کے بعد پاکستان پہنچ گئے، ترجمان دفترخارجہ قاضی خلیل اﷲ نے زید حامد کی رہائی کی تصدیق کردی۔
قاضی خلیل اﷲ نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرمنظورالحق کے حوالے سے بتایا کہ زیدحامد کوسعودی عرب کی جیل سے رہا کر دیاگیاہے، سعودی حکام نے ابھی صرف رہائی کی تصدیق کی لیکن انھوں نے ان پرلگائے گئے الزامات سے متعلق نہیں بتایا۔
زید حامد کی ویب سائٹ براس ٹیک کے فیس بک پیج پر پیغام میں ان کی پاکستان آمدکی تصدیق کی گئی ہے۔ پیغام میں دعویٰ کیاگیاہے کہ زیدحامدپرعائدچارجز ثابت نہیں ہوسکے، وہ واپسی کے بعدآرام کررہے ہیں اس لیے ان کے موبائل فون بند ہیں، وہ کچھ وقت اہل خانہ کے ساتھ گزارناچاہتے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام کی کوششوں کے باعث زید حامد کی سزاکومعاف کرکے رہاکیاگیاہے، زید حامد کو 4 ماہ قبل جون میں سعودی عرب میں حراست میں لیاگیاتھا اور ان پرمدینہ منورہ میں سعودی حکام کیخلاف تقریرکرنے کاالزام عائدکیاگیاتھا۔ میڈیارپورٹس میں دعویٰ کیاگیاتھاکہ زید حامد کو 8 سال قیداور ایک ہزارکوڑے مارنے کی سزادی گئی۔