لندن (جیوڈیسک) امریکی گلوکارہ “ازیلیا بنکس” کی جانب سے پاکستانی نژاد برطانوی گلور زین ملک کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نسل پرستی کا شکار بنایا گیا جس کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ نے ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا۔
برطانوی اخبارکے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک پر امریکی گلوکارہ “ازیلیا بنکس” کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اپنی نئی ویڈیو ‘لائیک آئی ووڈ’ میں گلوکارہ کے انداز کی نقل کی ہے جس کے بعد انہوں نے زین ملک کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرانہیں متعدد جملوں میں نسل پرستی کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب زین ملک کے مداحوں نے بھی گلوکارہ کے خلاف مہم چلائی اور ان کی جانب سے بنایا گیا ہیش ٹیگ مقبول ہوا تو انہیں اپنے کئے پر معافی مانگنا پڑی اور انہوں نے زین ملک کے خلاف تمام ٹوئٹس ہٹا دیئے اور موقف اختیار کیا کہ وہ غصے میں تھیں اس لیے سب کچھ کہہ گئیں۔
دوسری جانب ٹوئٹرانتظامیہ نے ازیلیا بنکس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ عارضی طور پر معطل کردیا یہی نہیں برطانوی فیسٹیول میں گلوکارہ کو مہمان کے طور پرمدعو کیا گیا تھا تاہم زین ملک کے خلاف ٹویٹس کے بعد ان کا نام اس ایونٹ سے بھی نکال دیا گیا۔