لاہور (جیوڈیسک) طاقت کے نشے میں مست سابق وزیر مملکت کے بیٹے کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پندرہ سالہ زین کے گھر تیسرے روز بھی تعزیت کا سلسلہ جاری رہا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، کرنل شجاع خانزادہ ، خواجہ سعد رفیق اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ مقتول کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ انکا کہنا تھا زین کی والدہ کو فوری انصاف دلاؤں گا۔ مجرموں کوکڑی سزا ملے گی کوئی سیاسی مداخلت یا سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔
اس سے قبل امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی زین کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ انکا کہنا تھا کہ امیر کے لئے ملک میں کوئی قانون نہیں یہی وجہ ہے کہ غریب کو انصاف ملنا مشکل ہو گیا ہے۔
مقتول زین کے گھر حکومتی اور دیگر شخصیات کی آمد کا سلسلہ تو جاری ہے مگر اس کے غم سے نڈھال اہل خانہ کی نظریں صرف انصاف کی راہ تک رہی ۔