اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے پی سی بی کے سابق چیئرمین ذکا اشرف کی برطرفی پر نجم سیٹھی سمیت عبوری کمیٹی کے ارکان اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس نورالحق قریشی نے پی سی بی کی اسکروٹنی کمیٹی کے سابق رکن الطاف حسین کی جانب سے ذکا اشرف کی برطرفی اور نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا۔
کہ چوہدری ذکا اشرف کو عدالت نے ان کے عہدے پر بحال کیا تھا جس کے بعد ایک مرتبہ پھر انہیں برطرف کرکے ان کی جگہ نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مقرر کردیا گیا جو کہ غیر قانونی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد نجم سیٹھی ، پی سی بی کی عبوری کمیٹی اور وزارت بین الصوبائیی سمیت 13 فریقین کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے ذکا اشرف کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر بحال کیا تھا تاہم کچھ ہی روز بعد پی سی بی کے آئین میں ترمیم کرکے انہیں برطرف کردیا گیا اور کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کے لئے عبوری کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے نجم سیٹھی کو چیئرمین منتخب کیا۔