ذکا اشرف بحال، نجم سیٹھی کی عبوری کمیٹی غیرقانونی

Zaka Ashraf

Zaka Ashraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے چیرمین پی سی بی تقرری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کو کالعدم قرار دیا ہے جبکہ سابق چیئرمین ذکا اشرف کو عہدے پر ایک بار پھر بحال کر دیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے برطرف 18 ملازمین کو بھی بحال کر دیا۔ عدالت نے نے اپنے فیصلے میں 10 فروری 2014 کو جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے تحت نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی مقرر کیا گیا تھا اسے بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے بورڈ میں بنائی جانے والی عبوری کمیٹی کو بھی ختم کرنے کا حکم دیا۔

چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف عدالتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے فیصلے سے کرکٹ میں جمہوریت کی فتح ہوئی، کرکٹ کی بحالی کے لئے تمام اقدامات کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا عدالت کا حکم نامہ ابھی تک موصول نہیں ہوا اگر آج عدالتی آرڈر مل جاتا ہے تو سوموار کو چارج سنبھال لوں گا۔

سابق کرکٹر محسن حسن خان نے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب نجم سیٹھی کو دوبارہ نہیں آنا چاہیے کیونکہ ہر روز چیئرمین کی تبدیلی سے کرکٹ کو نقصان پہنچتا ہے۔