اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ذکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر سیکرٹری داخلہ اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے ممبئی حملہ کیس کے مبینہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔
لکھوی کے وکیل رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ میرے موکل کی نظر بندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ نظر بند کیا جانا توہین عدالت ہے، سیکرٹری داخلہ اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت عالیہ نے سیکرٹری داخلہ اور ڈی سی اوکاڑہ سے جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا، کیس کی سماعت چار اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔