اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کا مزید ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ذکی الرحمان لکھوی کو پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں پیش کیا۔
تھانہ گولٹرہ پولیس کی جانب سے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لئے عدالت سے استدعا کی گئی۔ پولیس نے ملزم ذکی الرحمان کو سخت پولیس اور رینجرز کے پہرے میں عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد مزید ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ذکی الرحمان لکھوی کی انسداد دہشگردی کی خصوصی عدالت سے ضمانت منطور ہوئی تھی اور حکومت نے رہائی کے بعد ملزم کے ایک ماہ کے نظر بندی کے احکامات جاری کئے تھے۔ بعد میں ملزم کے وکیل راجہ رضوان عباسی کے ذریعہ سے ایک ماہ کی نظر بندی کی چیلنج کیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزم کی ایک ماہ کی نظر بندی کے نوٹیفکشن کو معطل کرتے ہوئے 10 لاکھ مچلکوں کے عوض رہائی کے احکامات جاری کئے تھے۔
پولیس نے ذکی الرحمان لکھوی کو ایک شہری کے اغواء کے مقدمہ میں دوبارہ گرفتار کیا اور ضلعی عدالت سے ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ بھی لیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے ملزم کی رہائی کے لئے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔