اسلام آباد (جیوڈیسک) ممبئی حملہ کیس کے مبینہ مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف صرف دو مقدمات عدالتوں میں ہیں ، وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی۔
جسٹس نور الحق قریشی نے ذکی الرحمان لکھوی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف ایک مقدمے میں ضمانت منظور ہوتی ہے تو نیا مقدمہ بنا دیا جاتا ہے۔ لہٰذا وفاقی حکومت ایک ہی مرتبہ تمام مقدمات کی فہرست پیش کرے تاکہ تمام مقدمات کی ایک ساتھ درخواست ضمانت دائر کی جا سکے۔
دوران سماعت حکومتی وکیل نے رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں کہا گیا کہ ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف دو مقدمات قائم ہیں جن میں ممبئی حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ ایف آئی اے جبکہ شہری کو اغوا کرنے کا مقدمہ تھانہ گولڑہ میں درج ہے جس پر فاضل عدالت نے درخواست نمٹا دی۔