نیو یارک (جیوڈیسک) پاکستان نے کہا ہے کہ وہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کررہا ہے۔ اس آپریشن کے بعد قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔
یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے سماجی ، انسانی اور ثقافتی مسائل پر جنرل اسمبلی کی کمیٹی سے خطاب کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں میں عام لوگوں کی اموات کا نتیجہ عوام کے جذبات بھڑکنے کی صورت میں نکل رہا ہے۔
ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور الٹا نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں، آپریشن ضرب عضب کے بعد ان کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پاکستانی سفیر نے مطالبہ کیا کہ ڈرون حملے فوری طور پر بند کیے جائیں۔