اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب پر ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زائد کے اخراجات ہوسکتے ہیں۔ حکومت 40 کروڑ ڈالر سے زائد رقم جاری کرچکی ہے۔
امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن سینیٹر جیک ریڈ نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے ساتھ اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے انہیں بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، تمام سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی ایک صفحے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بڑی تعداد میں قبائلیوں کی نقل مکانی کے باعث پاکستان کو بڑی معاشی قیمت چکانا پڑی ہے۔ آپریشن ’ضرب عضب اور بےگھر ہونے والے افراد کی دیکھ بھال کے لئے اب تک 40 کروڑ ڈالر سے زائد رقم جاری کرچکے ہیں اور یہ اخراجات ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز سے زائد ہوسکتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب حکومت اور عوام کی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے عزم کو ظاہرکرتا ہے۔ اس موقع پر سینیٹر جیک ریڈ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے لیے عالمی برادری کی مدد بہت اہم ہے۔