کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاناما سے فارغ ہونے کے بعد اب سندھ پر توجہ دی جائے گی، یہاں کرپشن نے سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے، سندھ حکومت صوبے میں دلچسپی نہیں لے رہی۔ انہوں نےکہا آصف زرداری زیادہ وقت ملک سے باہر گزارتے ہیں، منی لانڈرنگ سے ملک میں ڈالرز کی کمی ہوتی ہے، سندھ پر لگنے والا پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا سندھ کی ابتر حالت کرپشن کی وجہ سے ہے، چیئرمین نیب دبئی میں پاکستانیوں کی 8 ارب ڈالر کی جائیداد کی تحقیقات کریں، تفتیش سے پتہ چلے گا کون لوگ یہاں سے پیسہ باہر لے کر جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا آصف زرداری کی بہن بھی کرپشن میں ملوث ہیں، فریال تالپور کرپشن کا پیسہ باہر بھیجتی ہیں، زرداری اور فریال تالپور کے ہوتے سندھ ٹھیک نہیں ہو سکتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا اس بار پارٹی ٹکٹ سوچ سمجھ کر دینگے، طلبا کو تبدیلی کیلئے تیار کرنا ہوگا، سندھ میں اگلا جلسہ 5 نومبر کو ہوگا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا سندھ میں شہری حکومت بے اختیار ہے، عوامی مسائل کا حل مقامی حکومتوں میں ہے۔ انہوں نے کہا نجکاری اداروں کے مسائل کا حل نہیں، پی آئی اے میں سفارشی بھرتی کیے گئے، ترقی کیلئے اداروں کو غیر سیاسی کرنا ہوگا۔ عمران خان نے کہا دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہر کرپٹ کو پکڑنا چاہیئے کیونکہ ترقی کیلئے میرٹ ضروری ہے۔
بعدازں عمران خان نے جامعہ کراچی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور پاکستان کوعظیم بنائیں گے، بڑا خواب دیکھنے والا ہی بڑا انسان بنتا ہے، تاریخ کسی امیر آدمی کویاد نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا خود غرض انسان اپنے لیے زندگی گزارتا ہے، نیلسن منڈیلا نے 27 سال جیل میں گزارے مگر سمجھوتہ نہیں کیا، بڑا انسان کامیابی کے بعد خود کو ایک اور چیلنج دیتا ہے۔