کراچی (اسٹاف رپورٹر) خاصخیلی اتحاد کے سربراہ سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ امیر سولنگی ‘مارواڑی اتحاد کے رہنما اقبال ٹائیگر‘سولنگی اتحاد کے رہنما قربان سولنگی ‘ دی آل میمن جنرل جماعت کے رہنما یونس سایانی‘جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے رہنما اقبال چاند اور راجونی اتحاد میں شامل دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان و رہنما ¶ں نے نوابشاہ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے وسائل پر قابض حکمران ٹولہ اپنی لوٹ مار ‘ عوام دشمنی اور ناقص حکمت عملی کے باعث عوام کی پریشانی و بیزاری سے پوری طرح واقف ہے۔
جانتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام مکمل طور پر اس ٹولے کو مسترد کردیں گے اور برادریوں اور قومیتوں کے اتحاد سے بننے والے ملک کا سب سے بڑا اتحاد ”راجونی اتحاد “ عوامی اعتماد سے واضح اکثریت حاصل کرے گا یہی وجہ ہے کہ شکست کے خوف سے حکمران ٹولہ راجونی اتحاد میں شامل برادریوں اور قومیتوں میں انتشار پیدا کرنے کیلئے زرداری مرزا ڈرامہ رچارہا ہے تاکہ استحصالی ٹولے کیخلاف قائم ہونے والے اتحاد میں دراڑیں ڈال کر اسے ناکام بنایا جاسکے۔
مگر یہ استحصالیوں کی غلط فہمی سندھ کے عوام نہ صرف باشعور ہیں بلکہ اب وہ دوست و دشمنوں کے چہروں کو بھی بخوبی پہچان سکے ہیں اور جانتے ہیں کہ کون ان کی نسلوں کو آزادی و خوشحالی دلانا چاہتا ہے اور کون ہے جو اب بھی اپنے بچوں کی حکمرانی کیلئے عوام اور ان کی نسلوں کو یرغمال و غلام بنائے رکھنے کی سازشیں کررہا ہے۔