لاہور (جیوڈیسک) زینب قتل کیس میں صحافی کی جانب سے تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ ملزم صرف آلۂ کار ہے، اسے ایک وفاقی وزیر اور ایک اعلیٰ شخصیت کی پشت پناہی حاصل ہے۔
ڈاکٹر شاہد مسعود نے ملزم عمران کے 40 بینک اکاؤنٹس کی فہرست سپریم کورٹ میں پیش کر دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی کو تحقیقات کی ہدایت کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ ملزم عمران بین الاقوامی مافیا کا رکن ہے، ایک وفاقی وزیر اور ایک اعلیٰ شخصیت اس کی پشت پناہی کرتے ہیں اور ملزم عمران کے 40 بینک اکاؤنٹس ہیں۔
ڈاکٹر شاہد کے ان انکشافات کے بعد آج صبح سپریم کورٹ نے انہیں طلب کرکے ان سے ان اکاؤنٹس اور ان کے بیان میں موجود دیگر دعوؤں کی تفصیل مانگی تھی۔
اب وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنا دی ہے۔ جے آئی ٹی میں ڈی جی پنجاب فرانزک لیب اور سٹیٹ بینک کا نمائندہ بھی شامل ہے۔