لاہور(جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ضیا الحق کی پیدوار کو الیکشن نہیں جیتنے دیں گے ،11 مئی کو قائد کے پاکستان کو بچائیں گے اور بی بی کے پاکستان کی حفاظت کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے یہ پیغام پی پی پی کی طرف سے جنوبی پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز کیلئے تیار کی گئی ایک ویڈیو کے ذریعے دیا ہے۔
ویڈیو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن کر رہے گا، ہم سب مل کر اس کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان اس وقت ایک بہت بڑی سازش کا شکار ہو رہا ہے، یہ سازش ان دہشت گردوں سے بھی بڑی ہے، جنہوں نے اس وقت اس ملک سے سکون چرا لیا ہے۔
یہ سازش ہے ہمیں ہمیشہ کیلئے ایک خاص سوچ کا غلام بنانے کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک نظریاتی سازش ہے ، اس سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام اس ملک کی قسمت بدلنے والوں کا نقاب اتار دیں، ضیا الحق کی پیدوارا کو الیکشن نہیں جیتنے دیں گے۔
11 مئی کو قائد کے پاکستان کو بچائیں گے اور بی بی کے پاکستان کی حفاظت کریں گے۔ جنوبی پنجاب کی عوام سے انہوں نے کہا اپنے آپ کو خادم اعلی کہنے والے ظالم اعلی کے خلاف آواز نہیں اٹھاو گے تب تک تمہیں تمھارے حقوق نہیں ملیں گے۔
ہم نے کل بھی عوام کو ان کا اصلی چہرہ دکھایا تھا اور آج بھی عوام کے سامنے اصلی چہرہ دکھائیں گے، شیر کا شکار عوام ہے شیر کا پیٹ آپ کے بچوں کے خون سے بھرتا ہے۔