زیارت میں برفباری، لاہور اور بلوچستان میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری

Ziarat Snowfall

Ziarat Snowfall

لاہور (جیوڈیسک) زیارت میں آسمان سے گرنے والے گالوں سے صنوبر کے جنگلات نے سفید چادر اوڑھ لی، بلوچستان کے اکثر علاقوں میں وقفے وقفے سے بادل برس رہے ہیں۔ لاہور میں بادلوں نے موسم دلفریب بنا دیا۔

محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ بلوچستان کے شہر زیارت میں ایک مرتبہ پھر آسمان سے برف کے گالے گرے ، میدانوں، درختوں ، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھی تو قدرتی نظاروں کا ملکوتی حسن سحر انگیز ہوگیا۔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے ابر کرم برس رہا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی اس بارش نے موسم کو دلکش بنا دیا ہے۔

لورالائی میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے سردی بڑھا دی ہے۔ مظفر گڑھ اور نواحی علاقوں شاہ جمال اور ہیڈ بکائنی میں بھی گہرے سرمئی بادل گھِر گھِر آئے ، بادل پہلے گرجے اور پھر خوب برسے ۔ ملتان میں گہرے بادلوں نے آسمان کو اپنی لپیٹ میں لیا اور پھر برکھا رُت برس پڑی۔

لاہور میں آسمان پر چھائے بادلوں اور ٹھنڈی ہوا نے موسم کو دلفریب اور دلکش بنا رکھا ہے ۔ آسمان پر چھائے بادل برسنے کو تیار ہیں۔ کراچی میں شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے اور علی الصبح ہلکی بارش ہوئی ، ادھر پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں نیلگوں آسمان پر سورج چمک رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران نوابشاہ ، سکھر ، لاڑکانہ ، کراچی میں بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔