ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جاری

Muneeb ur Rahman

Muneeb ur Rahman

کراچی (جیوڈیسک) ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔

پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں جاری ہے جس میں دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور ماہر فلکیات بھی موجود ہیں جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی چاند دیکھنے کے لیے زونل کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں جہاں سے چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں موصول کی جائیں گی اور ملک بھر سے شہادتوں کی تصدیق کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو اس سے آگاہ کیا جائے گا جس کے بعد چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مفتی منیب الرحمان کریں گے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث عید الاضحیٰ 6 اکتوبر بروز پیرکو ہونے کا امکان ہے جبکہ چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا ہے کہ کراچی میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 31 گھنٹے اور 35 منٹ ہوگی جس سے چاند نظر آنے کا دورانیہ 40 منٹ ہو گا جبکہ شہر میں چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب سے 6 بج کر 26 منٹ سے 7 بج کر 6 منٹ تک ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں میں 4 اکتوبر کو عید الاضحیٰ کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں ایک بار پھر پشاور کی مسجد قاسم خان نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے برخلاف جاتے ہوئے 5 اکتوبر کو عید الاضحیٰ منانے کا اعلان کیا ہے۔