زمبابوے نے 15 سال بعد پاکستان کو ون ڈے میں شکست دیدی

Zimbabwe

Zimbabwe

ہرارے (جیوڈیسک) ہرارے زمبابوے نے پاکستان کو سات وکٹ سے شکست دیکر پندرہ سال بعد ون ڈے میں کامیابی حاصل کرلی۔ سیریز کے پہلے میچ میں مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس کو چھپن رنز کے مجموعے پر پہلا نقصان ہوا۔ اوپنر احمد شہزاد چوبیس رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹے، ناصر جمشید بھی ستائیس رنز پر کیچ آٹ ہو گئے جس کے بعد مصباح الحق اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کیساتھ ننانوے رنز کی شراکت قائم کی۔

محمد حفیظ نے کیریر کی 18 ویں نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 70 رنز اسکور کیے۔ مسلسل پچاسویں ون ڈے میچ کی قیادت کرنیوالے مصباح الحق نے 30 ویں نصف سنچری مکمل کی۔ شاہد آفریدی گیارہ رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی اوپننگ جوڑی نے تجربے کار بالنگ لائن کے خلاف ڈٹ کر بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنا کر زمبابوے کو بہتر پوزیشن میں لاکھڑا کیا۔ سبانا 54 رنز بنا کر آٹ ہوئے تو مسکادزا نے برینڈن ٹیلر کے ساتھ مل کر اسکور کو 176 رنز تک پہنچا کر فتح کے قریب لاکھڑا کر دیا ہے۔

مسکادزا 85 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے دونوں کھلاڑیوں کو سعید اجمل نے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے 0-2 سے برتری حاصل کی تھی۔ واضح رہے پاکستان نے ابتک زمبابوے سے46 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جس میں قومی ٹیم نے صرف تین ایک روزہ میچز میں شکست کھائی ہے۔

پہلی مرتبہ زمبابوے کو پاکستان کے خلاف فتح 1995 میں ملی جب قومی ٹیم کو سلیم ملک کی کپتانی میں شکست کی کڑوی گولی نگلنا پڑی۔ قومی ٹیم کو دوسری شکست 1998 میں ہوئی جب زمبابوے نے 212 رنز کا ہدف حاصل کیا۔ اس میچ میں زمبابوے نے پر اعتماد بلے بازی کرتے ہوئے صرف 4 وکٹوں پر ہدف حاصل کر لیا تھا۔ جولائی میں بھارت نے بھی زمبابوے کا دورہ کیا تھا۔ گرین شرٹس کے برعکس بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو وائیٹ واش کر دیا تھا۔