ہرارے (جیوڈیسک) دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کے 276 رنز کی جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نےپاکستان کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ اظہر علی اور بلال آصف نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام دکھائی دیا آصف پہلے اوور کی چوتھی بول پر ہی بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوگئے، کپتان اظہر علی اور اسد شفیق ایک، ایک رنز ہی بناسکے۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے، چھمو چھی بھابھا اور ہیملٹن مسا کاڈذا نے اننگز کا آغاز کیا، مساکڈزا 7 رنز پر ہی وہاب ریاض کا نشانہ بنے تاہم برین چاری نے چھی بھابھا کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت داری قائم کی مگر چاری کو 39 رنز پر محمد عرفان نے آوٹ کیا اور سین ولیمس بھی 10 رنز ہی بناسکے۔
جب کہ چھی بھابھا نے ایلٹن چگمبورا کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت داری کی اور کیرئیر بیسٹ 90 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ایلٹن نے سکندر رضا کے ساتھ ملکر پانچویں وکٹ کے لیے 62 رنز جوڑے اور 67 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ سکندر رضا نے 32 رنز بنائے پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4 اور محمد عرفان اور عام یامین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ سے قبل اظہر علی کا کہنا تھا کہ پچ کی نمی سے ابتدا میں فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، احمد شہزاد اور عماد وسیم کو آرام دے کر بلال آصف اور اسد شفیق ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 3 ایک روزہ میچوں کی سریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو یاسر شاہ کی شاندار بولنگ کے باعث 131 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔